i پاکستان

لاہور، انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عمران خان کی 3مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع کر دیتازترین

May 19, 2023

انسداد دہشتگری عدالت نے زمان پارک جلائو گھیرائو اور ظل شاہ قتل کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانتوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا جبکہ تین مقدمات میں ضمانت میں 2جون تک توسیع کر دی گئی،جبکہ عمران خان کے وکیل نے عدالت کے رو برو دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کیسز کم نہیں ہونے دیئے جا رہے، ایک میں ریلیف ملتا ہے تو 2اور مقدمات بنا دیئے جاتے ہیں، پولیس فورس سے ہمدردی ہے، ان کا گراف نیچے جارہا ہے، پولیس فورس غیر قانونی احکامات پر عمل کر رہی ہے، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے عمران خان کی مختلف مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کی،وکلا کے دلائل سننے کے بعد اے ٹی سی نے دو مقدمات میں سابق وزیراعظم کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو 2جون کو سنایا جائے گا،زمان پارک جلا ئوگھیرئوا اور ظل شاہ قتل کیس میں ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا گیا،انسداد دہشت گردی عدالت کا کہنا تھا کہ عمران خان کی ضمانتوں پر فیصلہ 2جون کو پراسیکیوشن کے دلائل کے بعد سنایا جائے گا،قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں پیش نہ ہوئے، عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت کو انتظار میں رکھ لیا اور سماعت کچھ دیر کیلئے ملتوی کر دی،دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جب تک عمران خان تشریف لاتے ہیں آپ دلائل دینا شروع کریں، عمران خان نے صرف حاضری ہی لگوانی ہے،عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی انتقام کے کیسز ہیں، 2مقدمات میں پولیس کے روئیے کو سامنے رکھوں گا

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لارجر بنچ مقدمات کو دیکھ رہا ہے،عدالت کے طلب کرنے پر عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر عدالت میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی،بیرسٹر سلمان صفدر نے اپنے دلائل میں کہا کہ کرپشن کا کوئی کیس نہیں ملا، توشہ خانہ کے معاملے کی بات کا بتنگڑ بنایا گیا، ایک وارنٹ کیلئے اسلام آباد اور لاہور کی پولیس زمان پارک پہنچ گئی، میں مسائل پیدا نہیں کر رہا، مسائل میری طرف چل کر آ رہے ہیں، کیسز کم نہیں ہونے دیئے جا رہے، ایک میں ریلیف ملتا ہے تو 2اور مقدمات بنا دیئے جاتے ہیں، پولیس فورس سے ہمدردی ہے، ان کا گراف نیچے جارہا ہے، پولیس فورس غیر قانونی احکامات پر عمل کر رہی ہے،عمران خان کے وکیل نے مزید کہا کہ کہا گیا عمران خان کے اکسانے پر کارکنان نے املاک کو نقصان پہنچایا، یہ تمام الزامات کیا عمران خان کا کوئی جرم ثابت کرتے ہیں، میں اتنی سی بات کرنا چاہتا ہوں کہ کیا یہ الزامات بنتے ہیں، پی ٹی آئی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے،بعدازاں وکلا کے دلائل سننے کے بعد انسداد دہشتگری عدالت نے زمان پارک جلا گھیرا اور ظل شاہ قتل کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانتوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا جبکہ تین مقدمات میں ضمانت میں 2 جون تک توسیع کر دی گئی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی