اسلام آباد ہائی کورٹ نے تھانہ کھنہ کی حدود میں لاہور ہائی کورٹ کی گاڑی کی ٹکر سے شہری کی موت سے متعلق کیس کی سماعت 4 ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی عدالت کے سامنے پیش ہوئے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کہا کہ آئی جی صاحب آپ کو ایک اہم معاملے سے متعلق بلایا ہے، ایک انوسٹی گیشن 2 سال سے زیرالتوا ہے اس میں کچھ نہیں کیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ یہ کیس محض 10 دن کا تھا لیکن 2 سال گزر چکے، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، میں اب خود اس کیس کو دیکھوں گا، ایس ایس پی انوسٹی گیشن تفتیش کریں گے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ انوسٹی گیشن آپ کا کام ہے آپ نے کرنی ہے، عدالت اس میں مداخلت نہیں کرے گی، اب آگے حل کیا ہے آپ عدالت کو بتا دیں؟ آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ ہمیں چار ہفتے کا وقت دے دیں، تفتیش مکمل کر لیں گے، ہمیں کچھ اور ویڈیوز ملی ہیں جن میں ایک چہرہ دیکھا جا سکتا ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 4 ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی