پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ پرسوں رات یہاں پر نقاب پوش کالی گاڑیوں میں آئے، جو ہمارے اراکین کو اٹھا کے لے گئے۔ علی محمد خان نے مزید کہا کہ اس معاملے پر پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں نے بات کی، اسپیکر چیمبر میں آئی جی اسلام آباد کو بلایا گیا، ہم نے پروڈکشن آرڈرز کی گزارش کی تو اسپیکر نے زبانی آرڈرز جاری کیے۔ قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ابھی تک اسپیکر کے آرڈرز پر اسلام آباد پولیس نے عمل نہیں کیا، بات ہوئی کہ پورے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا، اسپیکر نے کہا کہ استحقاق سے آگے جائیں گے اور ایف آئی آر کریں گے۔ علی محمد خان کا کہنا تھا کہ کسی نے بھاگ کر ایوان میں پناہ نہیں لی، ہماری استدعا ہے کہ اراکین کو اجلاس میں پیش کریں، یہ پارلیمان کی بے توقیری ہوئی اس کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی