i پاکستان

کسانوں کی اربوں روپے کی نادہندہ شوگر ملز کیخلاف کارروائی شروع،6 شوگر ملز کو نوٹسز جاریتازترین

February 22, 2023

محکمہ خوراک پنجاب نے کسانوں کو واجبات ادا نہ کرنے والی شوگرملز کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا۔ کسانوں کے 8 ارب 42 کروڑ روپے ادا نہ کرنے والی 6 شوگر ملز کو نوٹسز جاری کردیے گئے، 8 ارب 42 کروڑ کی نادہندہ شوگر ملز کو کین کمشنر پنجاب نے لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت نوٹس جاری کیے ہیں۔ ذرائع محکمہ خوراک کے مطابق سب سے بڑی نادہندہ رحیم یار خان شوگر ملز نکلی جس نے کسانوں کے 3 ارب 92 کروڑ ادا کرنے ہیں، کنجوانی تاندلیانوالہ شوگر مل کے خلاف 83 کروڑ کا نوٹس جاری کیا گیا، رحمان حاجرہ شوگر مل کے خلاف ایک ارب 58 کروڑ ،مدینہ شوگر مل کے خلاف 95 کروڑ روپے کا نوٹس جاری کیا گیا۔ آدم شوگر مل کے خلاف 30 کروڑ روپے، اشرف شوگر مل کے خلاف 84 کروڑ روپے کا نوٹس جاری کردیا گیا۔ سیکرٹری خوراک پنجاب محمد زمان وٹو نے اس حوالے سے کہا کہ کسانوں کو بروقت ادائیگی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس حوالے کسی بھی قسم کا دبا قبول نہیں کیا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی