i پاکستان

کرم میں شرپسندوں کے خاتمے کیلئے آپریشن شروعتازترین

January 20, 2025

شورش زدہ کرم کو شرپسندوں سے پاک کرنے اور ضلع کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والی شاہراہ کو محفوظ بنانے کے لیے قبائلی ضلع کے بگن علاقے میں سکیورٹی آپریشن شروع کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آپریشن سے باخبر ذرائع نے فورسز کی جانب سے بگن اور اس کے نواح میں آپریشن شروع ہونے کی تصدیق کی۔ذرائع نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں چیک پوسٹوں کو تحویل میں لینے کے ساتھ بنکرز کو مسمار کرنے کا عمل شروع کیا ہے۔ذرائع کے مطابق آپریشن سیکیورٹی فورسز اور پیراملٹری فرنٹیئرز کورپس (ایف سی) کی قیادت میں ہورہا ہے جبکہ پولیس ان کو مدد فراہم کررہی ہے۔حکام کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی علاقے میں پیش قدمی کے پیش نظر شرپسند فرار ہو چکے تھے جبکہ رہائشی علاقوں سے انخلا کا عمل پہلے ہی جاری ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگلے چند دنوں میں سڑک کو محفوظ بنایا جائے گا تاکہ اشیائے خوردنوش اور امداد سامان پر مشتمل ٹرکوں کو کرم اور پشاور کے درمیان آمدورفت کی اجازت دی جا سکے۔حکام نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پہاڑوں پر موجود بنکرز کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور رات کے دوران آپریشن متوقع تھا، مزید کہا کہ لوئر کرم میں سیکیورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے اور یہ آپریشن 4 دیہات میں کیا جائے گا۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی