i پاکستان

قرض پروگرام کی منظوری موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی توثیق ہے،محمداورنگزیبتازترین

September 26, 2024

وفاقی وزیرخزانہ سینیٹرمحمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے قرض پروگرام کی منظوری موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی توثیق ہے، پروگرام قبول کرنے اور اعتماد کا اظہار کرنے پر آئی ایم ایف کے شکر گزار ہیں، ہم ڈھانچہ جاتی اصلاحات کیلئے پرعزم ہیں ۔ ایک انٹرویو میں وزیر خزانہ نے کہا پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کا پروگرام اگلے تین سال کا ہے، آئی ایم ایف پروگرام کا مقصد میکرو اکنامک استحکام حاصل کرنا ہے۔ میکرو اکنامک استحکام آئے گا تو اس بنیاد پر ہی عمارت کھڑی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں نے ہم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی ریٹنگ بڑھائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی میں کمی اور شرح سود بھی نیچے آ رہی ہے، کرنسی مستحکم اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ گئے ہیں، مہنگائی میں کمی کا عام آدمی پر اثر آنا شروع ہوگیا ہے، غذا اور کموڈیٹی پرائس میں کمی آئی ہے۔محمد اورنگزیب کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف کے اس پروگرام کو آخری پروگرام بنانا ہے تو ڈھانچہ جاتی اصلاحات کرنا ہوں گی، ہمیں ماضی کو بھول کر مثبت انداز میں آگے بڑھنا چاہیے، جو ہوگیا وہ ہوگیا، ہمیں یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ اسے آگے کیسے لے کر جانا ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم ڈھانچہ جاتی اصلاحات کیلئے پرعزم ہیں، ٹیکس ہو یا توانائی، پرائیویٹائزیشن ہو یا سرکاری کمپنیاں ہوں، ہم اس پر عمل کیلئے پرعزم ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی