i پاکستان

کراچی،جعلی ادویات بنانے میں ملوث فیکٹری مالک گرفتار، لاکھوں مالیت کی ادویات برآمدتازترین

August 12, 2024

ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے شیر شاہ میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی ادویات بنانے میں ملوث فیکٹری کے مالک کو گرفتار کر لیا جبکہ لاکھوں مالیت کی ادویات، مشینری اور دیگر آلات برآمد کر لیے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے ساتھ کارروائی عمل میں لائی گئی جہاں رہائشی علاقے میں قائم ادویات ساز فیکٹری میں جعلی ادویات کی تیاری اور پیکنگ ہو رہی تھی۔ مذکورہ جعلی فیکٹری سے بھاری مقدار میں مشتبہ ادویات، انجیکشنز اور خام مال کی بڑی کھیپ پکڑی گئی جبکہ چھاپے کے دوران ادویات کی خالی بوتلیں، خالی کیپسولز اور پیکنگ بکسسز بھی برآمد ہوئے۔ کارروائی میں ادویات کی پیکنگ کے لیے زیراستعمال آلات اور مشینری بھی برآمد کی گئی جبکہ بڑی تعداد میں مختلف اقسام کے پاوڈر اور لیکویڈ برآمد ہوئے۔ گرفتار ملزم کے مطابق جعلی ادویات مختلف شہروں میں سپلائی کی جا رہی تھیں۔ ملزم مجیب الرحمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی