i پاکستان

کراچی، ٹریلر کی ٹکر سے ایک اور موٹر سائیکل سوار جاں بحقتازترین

March 03, 2025

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ٹریلر کی ٹکر سے ایک اور موٹر سائیکل سوار جان کی بازی ہارگیا جب کہ پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے مشتعل افراد کی جانب سے ٹریلر کو آگ لگانے کی کوشش بھی ناکام بنادی۔ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں ہیوی ٹریفک حادثات سے شہریوں کی ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ایک اور حادثے میں موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس( ایس ایس پی سینٹرل) ذیشان شفیق صدیقی نے میڈیا کو بتایا کہ موٹر سائیکل سوار کو لیاقت آباد 4 میں ارم بیکری کے قریب صبح 4 بج کر 10 منٹ پر 16 پہیوں والے ٹریلر (ٹی ایل اے-142 )نے ٹکر ماری۔ایس ایس پی صدیقی کا کہنا تھا کہ ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوا، جسے فوری طور پر عباسی شہید ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔پولیس افسر نے بتایا کہ متوفی کی عمر 50 سال کے لگ بھگ تھی اور فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ٹریلر کو آگ لگانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے انہیں روک دیا اور ٹریلر کو آگ لگنے سے بچالیا جب کہ ڈرائیور کو بھی گرفتار کرلیا گیا جس کی شناخت محمد عارف کے نام سے ہوئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی