نارتھ کراچی پاور ہائوس کے قریب ڈمپرکی ٹکرسے موٹرسائیکل سوارزخمی ہوگیا۔حادثے کے بعد مشتعل افراد نے مختلف علاقوں میں 9 گاڑیوں کوآگ لگا دی، جلائی گئی گاڑیوں میں5ڈمپر اور2واٹر ٹینکر بھی شامل ہیں، نارتھ کراچی میں ڈمپر ڈرائیور متعدد مقامات پرموٹرسائیکل سوارافراد کو ٹکرمار کر فرارہوا تو شہریوں نے تعاقب کرکے پکڑ لیا۔مشتعل افراد نے ڈمپر ڈرائیور کو تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کردیا، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، مشتعل افراد کو منتشرکرنے کیلئے پولیس نے شیلنگ کی جس کے بعد کئی افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ ڈمپر جلانے کے خلاف ڈرائیور بھی سڑکوں پر نکل آئے، سہراب گوٹھ میں احتجاج کیا، ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی۔ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق گلیوں اور اہم سڑکوں پر گشت بڑھا رہے ہیں، واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔ دریں اثنا وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ڈمپر حادثات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ کسی کو بھی ڈمپرز یا ہیوی گاڑیوں کو جلانے کی اجازت نہیں ہے۔ وزیر داخلہ سندھ نے گاڑیوں کو آگ لگائے جانے کا نوٹس لے لیا ہے، ضیا لنجار نے کہا ڈمپرز حادثات میں ملوث ڈرائیورز کو گرفتار کرنے کے واضح احکامات ہیں، کسی کو بھی ڈمپرز یا ہیوی گاڑیوں کو جلانے کی اجازت نہیں ہے، جو بھی شہر کا امن خراب کرنے اور دہشت پھیلانے میں ملوث ہے گرفتار کیا جائے گا۔
ضیا الحسن لنجار نے کہا پولیس کو گاڑیاں جلانے والے تمام افراد کو گرفتار کرنے کے احکامات دئیے ہیں، سہراب گوٹھ احتجاج سے متعلق پولیس کو ہدایات دے دی ہیں۔دوسری جانب گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی میں ڈمپرز جلانے اور سڑک بند کرنے پر تشویش کا اظہار کیا اور نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے ڈمپر حادثات کی تفصیلات طلب کرلیں۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، انہوں نے کہا کہ شہریوں کا ہیوی ٹریفک اور اس سے ہونے والی اموات پر غم و غصہ بجا ہے، تاہم قانون شکنی کسی صورت قبول نہیں کی جا سکتی، انہوں نے کہا کہ تمام شہری پرامن رہیں اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے سے گریز کریں۔گورنر سندھ نے زور دیا کہ ہمیں قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنانا ہوگا، اشتعال انگیزی سے صرف نقصان ہی ہوگا، کوئی بھی شخص بھائی کو بھائی سے لڑانے کی سازش میں کامیاب نہ ہونے دے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ عناصر شہر کا امن خراب کرنے کی ناپاک کوشش کر رہے ہیں لیکن چنگاری پھینک کر آگ بھڑکانے کی ان سازشوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔کامران ٹیسوری نے تمام اداروں پر زور دیا کہ حالات کو قابو میں رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے مثر اقدامات کئے جائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی