کراچی میں معمول سے تیز سرد ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق تیز سرد ہوائوں کے سبب زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گرسکتا ہے، معمول سے قدرے تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ جمعرات و جمعہ کی درمیانی شب شروع ہوا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کی شمال مشرقی ہواوں کی زیادہ سے زیادہ رفتار 33 کلومیٹر تک بڑھ رہی ہے، جمعہ کی صبح کم سے کم پارہ 12.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 13 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، اسکردو منفی 7، کالام منفی 6، گلگت، اسلام آباد منفی ایک، پشاور میں 3، لاہور، ملتان 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔گلگت بلتستان میں برفباری کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، سڑکیں، مکانات اور درخت برف سے ڈھک گئے اس کے علاوہ شمالی بلوچستان بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، کوئٹہ میں پارہ منفی 6، قلات اور زیارت میں منفی پانچ تک گر گیا۔محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر برقرار رہنے کی توقع ہے جبکہ اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی