کراچی میں ایک مرتبہ پھر سے ڈینگی کے کیسز میں ہوشربا اضافہ ہونے لگا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق چوبیس گھنٹوں میں سندھ میں 125کیسز رپورٹ جن میں سے 115 کا تعلق کراچی سے ہے۔ محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثر ضلع شرقی ہوا ہے، وہاں 35 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ضلع وسطی 32، ضلع جنوبی 21، ضلع کورنگی17، ضلع ملیر 4 ، ضلع غربی 3 اور کیماڑی میں 3 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ رواں ماہ یکم ستمبر سے منگل تک کراچی میں 1066کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ سندھ بھر میں3 ہزار 667کیسز رپورٹ ہوئے۔ محکمہ صحت سندھ نے مزید بتایا کہ ڈینگی کے باعث اب تک سندھ میں 9 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی