i پاکستان

کراچی ' افطاری دینے کے بہانے گھر میں گھس کر ڈکیتی کی کوشش، میاں بیوی زخمیتازترین

March 07, 2025

ڈاکوں نے افطاری دینے کے بہانے گھر میں گھس کر واردات کی کوشش کی، تاہم مزاحمت کرنے والے میاں بیوی زخمی ہو گئے۔اورنگی ٹائون کے علاقے میں خاتون سمیت 3 ڈاکووں نے افطاری دینے کے بہانے گھر میں گھس کر لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں میاں اور بیوی زخمی ہوگئے۔ایس ایچ او اورنگی ٹاون آغا اسلم نے بتایا کہ سیکٹر سیون ڈی نسیم آباد قبا مسجد کے قریب خاتون سمیت 3 ڈاکووں نے گھر میں گھس کر لوٹ مار کی کوشش کی تھی۔ اس دوران گھر کے مکینوں نے مزاحمت کی تو ڈاکووں نے ماربل کے فرش پر گولی چلائی، جس کے ٹکڑے لگنے سے 51 سالہ واحد علی اور اس کی اہلیہ 48 سالہ حنا زخمی ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ جرائم پیشہ عناصر افطاری سے قبل گھروں میں گھس کر واردات میں خواتین کو استعمال کر رہے ہیں، جس میں ملزمہ ایک پلیٹ میں افطاری دینے کے بہانے افطار سے کچھ دیر قبل دروازہ کھٹکھٹاتی ہے۔ گھر والے سمجھتے ہیں کہ محلے سے کوئی افطاری دینے آیا ہے، جس پر وہ جیسے ہی گیٹ کھولتے ہیں تو خاتون کے ہمراہ دیگر ساتھی اسلحہ کے زور پر گھر میں داخل ہوجاتے ہیں۔پولیس کے مطابق حالیہ واقعے میں میاں بیوی کے زخمی ہونے میں بھی کچھ اسی طرح سے واردات کی کوشش کی گئی تھی، تاہم ڈاکو لوٹ مار میں ناکام رہے اور وہ موقع سے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کوششیں کررہی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی