i پاکستان

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، عسکری حکام کی جانب سے قومی ایکشن پلان کے تمام نکات پر عملدرآمد یقینی بنانے سے متعلق بریفنگ دی گئیتازترین

December 30, 2022

وزیراعظم کی زیر صدارت دہشتگردی کی حالیہ لہر اور معیشت کی دگرگوں صورتحال پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ختم ہو گیا جس میں اہم فیصلوں سے متعلق اعلامیہ جاری کرنے پر اتفاق ہوا ہے،جمعہ کو نجی ٹی وی کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہائوس میں ہوا جس میں مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی وزرا نے شرکت کی،اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف،وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی شریک ہوئے،عسکری حکام کی جانب سے قومی سلامتی کمیٹی کو ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس میں دہشتگردی کی حالیہ لہر میں شہید ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی ہے،ذرائع کے مطابق عسکری حکام کی جانب سے قومی ایکشن پلان کے تمام نکات پر عملدرآمد یقینی بنانے سے متعلق بریفنگ دی گئی، اجلاس میں مرکز اور صوبوں کے درمیان کوآرڈینیشن بہتر بنانے کے لیے نیکٹا کے کردار پر بریفنگ دی گئی،ذرائع کا بتانا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ حملوں پر بریفنگ دی گئی، انیٹلی جنس اداروں کی بریفنگ کی روشنی میں قومی سلامتی کمیٹی اہم فیصلوں سے متعلق اعلامیہ جاری کرے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی