وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کو اس وقت قوم کی سپورٹ کی ضرورت ہے، اپنے کھلاڑیوں پر بھروسہ رکھیں اور پر امید رہیں کہ وہ ورلڈ کپ جیتیں گے ، ہر پاکستانی کو یہ بتانا ہے کہ ہار جیت سے قطع نظر وہ ٹیم کے ساتھ ہیں، اس اپروچ کے ساتھ کھلاڑی یقینا امریکہ سے ورلڈ کپ جیت کر وطن لوٹیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں پاکستان ہاوس میں برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی مہمان خصوصی تھے مئیر لندن صادق خان اور پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے تقریب میں خصوصی شرکت کی ۔سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، وزیر اعلی بلوچستان سرفراز بگٹی، برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد بھی تقریب میں شریک ہوئی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہناتھا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی پراعتماد ہیں اور یقینا اچھا پرفارم کریں گے۔ محسن نقوی نے کہا ہر پاکستانی کو یہ بتانا ہے کہ ہار جیت سے قطع نظر وہ ٹیم کے ساتھ ہیں۔ اس اپروچ کے ساتھ کھلاڑی یقینا امریکہ سے ورلڈ کپ جیت کر وطن لوٹیں گے۔ انہوں نے قوم سے درخواست کی کہ اپنے کھلاڑیوں پر بھروسہ رکھیں ۔ وہ اچھا کھیلیں گے اور پر امید رہیں کہ وہ ورلڈ کپ جیتیں گے۔ میئر لندن صادق خان اور برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے تقریب میں شرکت پر میئر لندن صادق خان اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا شکریہ ادا کیا۔ شرکا ء تقریب نے کھلاڑیوں سے آٹوگراف لئے اور تصویریں و سلفیاں بنوائیں۔بعدازاں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لندن کے میئر صادق خان سے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں کرکٹ کے حوالے سے خاص طور پر گفتگو ہوئی جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میئر لندن صادق خان کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل اور پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی