سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ قومی اور صوبائی قانون ساز اداروں میں تعاون کا فروغ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔شفافیت کو برقرار رکھنے اور پرفارمنس کو بہتر بنانے کیلئے پیپس کا تھرڈ پارٹی فنانشل اور پرفارمنس آڈٹ کروایا جائے گا ۔تفصیل کے مطابق سپیکرقومی اسمبلیکی زیر صدارت پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز(پیپس) کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا ۔اجلاس میں ادارے کے مالی اور انتظامی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ پپس کے قیام کا مقصد پارلیمان کو قانونی اور ٹیکنیکل معاملات میں معاونت فراہم کرنا ہے۔موثر عوامی قانون سازی کا ملکی ترجیحات اور ترقی سے گہرا تعلق ہے ۔ اسپیکر نے کہا کہ اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر اسمبلی اور گلگت بلتستان اسمبلی کے سپیکرز کو بھی گورننگ بورڈ کا مستقل ممبر بنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے سپیکر ملک محمد احمد خان ، سندھ اسمبلی کے سپیکر اویس قادر شاہ، بلوچستان اسمبلی کے سپیکر عبدالخالق خان، خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر بابر سلیم سواتی ، آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر اور گلگت بلتستان اسمبلی کے سپیکر نذیر احمد کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ پارلیمنٹ مولانا عبدالغفور حیدری، بلال اظہر کیانی، وجیہہ قمر، خورشید احمد جونیجو، مہتاب اکبر راشدی، زرتاج گل اور سید امین الحق نے شرکت کی ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی