وفاقی وزراء نے قومی اقتصادی منصوبے'' اڑان پاکستان'' 2024-29کو ایک انقلابی اقدام قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبہ ملک کو ایسے مقام پر پہنچادے گا کہ آئی ایم ایف کا یہ آخری قرض پروگرام ہوگا،الحمد اللہ پاکستان کے تمام معاشی اشاریئے بہتر ہوئے ہیں ، ملک کی معاشی سمت کادرست اندازمیں تعین ہو گا، اس سے تعلیم، صحت، روزگار اور کاروبار کے مواقع میں اضافہ ہو گا،مضبوط معیشت ہی مضبوط پاکستان بنا سکتی ہے جس کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے منگل کو جاری اپنے ایک ویڈیو پیغام میں قومی اقتصادی منصوبے'' اڑان پاکستان'' کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے تحت کلی معیشت کے استحکام کوبرآمدات پرمبنی نموکی طرف لے جایاجائے گا،یہ ملک کو آئندہ دو سے تین سالوں میں ایسے مقام پر پہنچا دے گا کہ آئی ایم ایف کا یہ آخری قرض پروگرام ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن انتہائی اہم ہے، ہم وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معاشی تبدیلی کے منصوبے کو لانچ کرنے جا رہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد ملک میں آنے والے میکرو اکنامک استحکام کو سسٹینیبل گروتھ یعنی پائیدار ترقی کی طرف لے کر جانا ہے جس کے لیے معاشی ترقی برآمدات پر منحصر ہو گی اور نجی شعبے کو ملک کی قیادت کرنا ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سٹرکچرل ریفارمز جو شروع کیے ہیں انہیں آخر تک لے کر جانا ہوگا چاہے وہ ٹیکسوں کے حوالے سے ہوں، توانائی کے شعبے سے یا پھر نجکاری کا ایجنڈا ہو۔وزیر خزانہ نے کہا کہ اڑان پاکستان منصوبہ اگلے 3 سالوں میں دنیا کے بڑے ممالک کی صف میں لا کھڑا کرے گا،۔حکومت کے اخراجات کے حوالے سے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ خرچوں کو کم کرنے کے لیے پوری تندہی سے کام ہو رہا ہے۔ وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے منصوبے سے متعلق جاری بیان میں کہا کہ نیشنل اکنامک پلان 2024-29 معاشی اصلاحات کا ایجنڈا ہے جس کے تحت معاشی ترقی کا سفر طے کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات کا ایجنڈا پاکستان اور پاکستان کے عوام کی ترقی کے لیے ہے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ الحمد اللہ پاکستان کے تمام معاشی اشاریئے بہتر ہوئے ہیں۔ اڑان پاکستان ۔ ہوم گرون نیشنل اکنامک پلان 2024-29کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہوم گرون اکنامک ایجنڈا میڈ ان پاکستان معاشی اصلاحات کا ایجنڈا ہے، جبکہ ملک ڈیفالٹ سے استحکام کی طرف آیا اور اب استحکام سے ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہوم گرون ایجنڈا ایک اہم اقدام ہے، ہوم گرون ایجنڈے کے تحت معاشی ترقی کا سفر طے کیا جائے گا، پاکستان کے عوام کو خوشخبریاں ملیں گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید یہ بھی کہا کہ معاشی اصلاحات کا ایجنڈا پاکستان اور پاکستان کے عوام کی ترقی کے لیے ہے۔
وزیرمملکت برائے خزانہ ومحصولات علی پرویزملک نے کہاہے کہ اڑان پاکستان پروگرام سے ملک کی معاشی سمت کادرست اندازمیں تعین کیاجائے گا۔ علی پرویزملک نے کہاکہ وزیراعظم محمدشہبازشریف آج ہوم گرون اقتصادی ٹرانسفرمیشن پروگرام واصلاحاتی ایجنڈا اڑان پاکستان کا آغازکرنے جارہے ہیں۔ یہ وہ ایجنڈاہے جس سے پاکستان کی معیشت کی بنیادوں کومضبوط بنایاجائے گا اورملک کی اقتصادی سمت کادرست اندازمیں تعین کیاجائے گا۔یہ وہ طریقہ ہوگاجوپاکستان کوجامع اوردیرپانموکے راستے پرگامزن کرے گا،یہ وہ طریقہ ہوگاجوملک کوایک خودمختارمعاشی طاقت کے طورپردنیا کے نقشے پر ابھارے گا۔انہوں نے کہاکہ ہماری دعاہے کہ ہمیں اس نیک مقصدمیں کامیابی ہو تاکہ پاکستان کو مسلم امہ میں اس کا حقیقی مقام ملے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی کے وزیر پروفیسر احسن اقبال نے بھی کہا ہے کہ اڑان پاکستان ایک انقلابی ا قدام ہے ،اس سے تعلیم، صحت، روزگار اور کاروبار کے مواقع میں اضافہ ہو گا۔ اپنے پیغام میں احسن اقبال نے اڑان پاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کی جانب ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ قدم ہے جو سیاسی افراتفری یا کسی بھی سیاسی لانگ مارچ سے گریز کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ قومی اتحاد قائم کر کے کامیاب ہو سکتا ہے۔ اس کے بجائے، معاشی لانگ مارچ کی ضرورت ہے تاکہ ہم دنیا کے ساتھ موثر انداز میں مقابلہ کر سکیں ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نیموجود ہ معاشی چیلنجوں سے مثر طریقے سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے تھے، لیکن ملک کو خوشحال اور معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے مسلسل بنیادوں پر طویل المدتی منصوبہ بندی کی ضرورت تھی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ایم ایل (ن)کی حکومت نے اپنے گزشتہ ادوار میں وژن 2010 اور وژن 2025 کا آغاز کیا تھا لیکن سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ان پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو سکالیکن اب حکومت نے ایک بار پھر پانچ سالہ منصوبہ تیار کیا ہے جو پائیدار اقتصادی ترقی کی بنیاد ثابت ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی اقتصادی منصوبے کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائے جائیں گے اور بہتر تعلیم، صحت، روزگار اور کاروبار کے مواقع میں اضافہ ہو گا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے لئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے، مضبوط معیشت ہی مضبوط پاکستان بنا سکتی ہے جس کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ کے آغاز کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ملکی پائیدار ترقی کیلئے 5 سالہ منصوبہ پیش کر دیا ہے ۔مسلم لیگ ن سمجھتی ہے کہ مضبوط پاکستان مضبوط معیشت سے ہی بن سکتا ہے اور مضبوط معیشت عوام کے گھروں کی خوشحالی سے جڑی ہے۔ جب ہر ایک کا چولہا جلیگا اور ہر گھر میں خوشحالی ہو گی تو معیشت مضبوط ہو گی۔ اس کے لئے ہمیں سیاسی استحکام اور دہشت گردی کا خاتمہ چاہیے۔
ہم سب کو اس کے لئے مل کر کام کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2013میں بھی ملک کو اسی طرح کے مسائل درپیش تھے۔ ڈیفالٹ اور مہنگائی کی باتیں ہوتی تھیں ۔ روپیہ کمزور تھا مگر 4 سے 5 سالوں میں میاں محمد نوازشریف نے ملک کی معیشت کو سنبھالا دیا۔ مہنگائی کم ترین سطح پر آئی ، سٹاک ایکسچینج مضبوط ہوا ۔ روپے کی قدر مستحکم ہوئی۔ شرح سود کم ترین سطح پر آ گئی مگراس کے بعد سیاسی عدم استحکام کے نتیجے میں ملک میں دہشت گردی لوٹ کر آئی ، ہم آپس میں تقسیم ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کچھ مسائل پر تو قابو پالیا ہے ، اب ڈیفالٹ کی بات نہیں ہوتی۔سٹاک ایکسچینج مضبوط ہوا ہے مگر اب بھی ملک میں بہت سارے مسائل ہیں ۔پائیدار ترقی کے لئے ہم سب کو مل کر سیاسی استحکام لانا ہوگا اور ملک کی معیشت کی ایسی بنیاد رکھنا ہوگی جس سے آنے والی کئی دہائیوں تک پائیدار ترقی حاصل ہو ۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط معیشت ہی مضبوط پاکستان بنا سکتی ہے۔ یہ کام ہم سب مل کر سکتے ہیں۔ آئیں وزیراعظم محمد شبہازشریف کا ساتھ دیں ، اس پاکستا ن کے لئے جس کا خواب قائد اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔ جس میں ہر ایک کے لئے روزگار اور خوشحالی ہو۔ قومی اسمبلی میں حکمران اتحاد کے چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہیکہ ملک کا مستقبل نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے، جس پانچ سالہ منصوبے کا وزیراعظم نے آغاز کیا ہے ،اس کے نتیجہ میں ملک میں سرمایہ کاری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ جن حالات میں مسلم لیگ (ن) نے حکومت سنبھالی ، و ہ ملک کے لئے مشکل وقت تھا اور ملک کو سنگین چیلنجز درپیش تھے۔ہماری حکومت کی کچھ شارٹ ٹرم پالیسیوں کی وجہ سے تمام اقتصادی انڈیکیٹرز مثبت سمت میں جا رہے ہیں۔ عوام کی زندگی میں ترقی او ر خوشحالی آنا شروع ہو گئی ہے۔ 2025 میں پاکستان ٹیک آف کرنا شروع کرے گا۔ وزیراعظم نے جس 5 سالہ منصوبے کا آغاز کیاہے اس کے نتیجے میں ملک معاشی طورپر مضبوط ہو گااور سرمایہ کاری آئے گی۔ معیشت اور ترقی کا پہیہ بہتر طورپر چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ یہ ملک آپ کا ہے اور اس منصوبے میں آپ کے لئے پروگرام شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی ناعاقبت اندیش دوستوں سے کہتا ہوں کہ ملک کسی بھی سیاسی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ملک کا مستقبل نوجوان نسل کے ہاتھ میں ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں جو ٹیم سرگرم عمل ہے انشا اللہ اس کا عزم ہے کہ پاکستان قائد اعظم کے خوابوں کی تعبیر بنیگا اور علامہ اقبال نے جو سوچ ہمیں دی ہے ہم اس کیتحت آگے بڑھیں گے اور ملک کو بہت جلد ایشین ٹائیگر بنائیں گے اور وہ تمام ساتھی جو اس عمل میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہاتھ مضبوط کررہے ہیں وہ ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی