وزیراعلی بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ قوم سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے معصوم بچوں اور ان کے والدین کے صبر اور ہمت کو ہمیشہ یاد رکھے گی،۔ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے 10 سال مکمل ہونے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم ان ننھے شہیدوں کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھول سکتے جنہوں نے اپنے لہو سے ہماری بقا کی داستان لکھی۔یہ قوم ان معصوم بچوں اور ان کے والدین کے صبر اور ہمت کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ المناک سانحہ دہشت گردوں کی بربریت کا وہ سیاہ باب تھا جس نے پوری قوم کو جھنجوڑ کر رکھ دیا، لیکن ساتھ ہی ہمارے عزم کو مزید مضبوط کیا۔ آج کے دن ہم ان معصوم بچوں اور اساتذہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے قوم کو متحد ہونے کا درس دیا۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ ہمیں ان عظیم قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف یکجہتی اور امن کا مظہر ہو۔انہوں نے اس موقع پر آرمی پبلک سکول کے شہدا کے والدین کے عزم اور قربانی کو بھی سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا صبر اور قربانی پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی