i پاکستان

قوم کا اعتماد بحال کرنے کیلئے ملک ڈبونے والوں کو بے نقاب کرنا ہوگا، جاوید لطیفتازترین

December 27, 2022

پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ اگر پاکستانی قوم کا اعتماد بحال کرنا ہے تو پاکستان کو ڈبونے والے کرداروں کو بے نقاب کرنا ہوگا، قوم کا اعتماد تب بحال ہوگا جب انصاف پر مبنی فیصلے دیے جائیں گے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں میاں جاوید لطیف نے کہا کہ نوازشریف اور بے نظیر بھٹو نے ایک ہی دن پاکستان آنے کا اعلان کیا تو ایک ہی دن دونوں پر قاتلانہ حملہ ہوا، ماضی میں بے نظیر اور نوازشریف پر قاتلانہ حملے ہوئے، روز روز کے لانگ مارچ سے ملکی جمہوریت کمزور ہو رہی ہے، لاڈلہ آج بھی لاڈلا نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جنرل قمر جاوید باجوہ پر ڈبل گیم کرنے کا الزام لگایا، عمران خان کا کردار دنیا جانتی ہے، ہمارا موازنہ آج سے کیا جا رہا ہے، ہمارا موازنہ اگر کرنا ہے تو 2017 سے کریں، قوم کا اعتماد تب بحال ہوگا جب آپ انصاف پر مبنی فیصلے دیں گے، آج بتایا جائے کہ نوازشریف کا گناہ کیا تھا۔ جاوید لطیف نے کہا کہ اگر پاکستانی قوم کا اعتماد بحال کرنا ہے تو پاکستان کو ڈبونے والے کرداروں کو بے نقاب کرنا ہوگا، اعتراف کرنا ہوگا کہ ہم سے زیادتیاں ہوئیں، ایک نئی خواہش کی تکمیل میں ہم نے پاکستان کا بیڑاغرق کر دیا، اداروں کو آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنا اپنا کام کرنا ہوگا، معاشی اور سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا ہوگا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی