چیچہ وطنی کے قریب کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں دوافراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔ جعفر ایکسپریس میں دھماکہ بوگی نمبر چار کے واش روم میں ہوا ، بوگی نمبر چار میں 14 تبلیغی جماعت کے لوگ موجود تھے ، دھماکے کی طلاع ملنے پر پولیس ، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے موقع پر پہنچ گئے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق گیس لیکج کے باعث یکدم دھماکہ ہوگیا۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرین میں دھماکہ میاں چنوں سے نکلتے ہی ہوا تھا، مسافر ایمرجنسی چین کھینچتے رہے مگرعملے نے دھیان نہیں دیا۔ واقعے میں جاں بحق اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی جبکہ دھماکے کی نوعیت معلوم کی جارہی ہے۔ دوسری جانب نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے واقعے کا نوٹس لے لیا ، نگران وزیراعلی نے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ۔ نگران وزیراعلی پنجاب نے ساہیوال کے کمشنر، آر پی او، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کو فی الفور جائے وقوعہ پر پہنچنے اور زخمیو ں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی