i پاکستان

کوئٹہ اور کراچی میں مختلف ٹریفک حادثات ،10افراد جاںبحق ، متعدد زخمیتازترین

February 06, 2025

بلوچستان اور سندھ میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں 10افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق بلوچستان کے ضلع سوراب کے قریب کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔لیویز حکام کے مطابق کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر نغاڑ کے مقام پر تیز رفتاری کے باعث 3 کار یں بے قابو ہوکر آپس میں ٹکرا گئیں۔لیویز حکام نے بتایا کہ حادثے میں 5 افراد موقع پر جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال سوراب منتقل کردیا گیا۔لیویز حکام نے مزید بتایا کہ جاں بحق ہونے والے افراد اور زخمیوں کا تعلق کوئٹہ سے بتایا جارہا ہے۔ ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں چند گھنٹوں کے دروان تیز رفتاری ڈمپروں کی ٹکر سے مزید 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔کراچی میں ڈمپر کی ٹکر سے شہریوں کی ہلاکت کا تازہ ترین واقعہ ملیر ہالٹ میں پیش آیا جہاں ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر باپ اور بیٹے کی جان لے لی جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئی۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے باپ اور بیٹے کے ورثا کا کہنا ہے کہ ان کی فیملی ہجرت کالونی کی رہائشی ہے جو خدا کی بستی سے موٹر سائیکل پر واپس آ رہی تھی۔ ورثا کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق سلیم نجی کمپنی میں چوکیدار اور 6 بچوں کا باپ تھا، ہم غریب لوگ ہیں کوئی قانونی کارروائی نہیں چاہتے۔ کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ملینیم شاپنگ مال کے پاس بھی تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں میاں بیوی سمیت 3 افراد جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ریسکیو اداروں کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں اب تک 71 افراد جاں بحق اور 1044 زخمی ہو چکے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی