قلعہ عبداللہ میں 11 ماہ کے بچے میں پولیو کا نیا کیس رپورٹ ہونے کے بعد رواں سال وائرس سے متاثرین کی تعداد 13 ہوگئی ۔ انسداد پولیو لیبارٹری کے مطابق بچے میں معذوری کی علامات 17 جولائی کو ظاہر ہوئی تھیں۔ ڈاکٹر ملک مختار بھرتھ کے مطابق بچوں کو پولیو سے بچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبہ بلوچستان میں ویکسینیشن کی شرح بڑھانے کے لیے حکومت نے اقدامات شروع کردیے ہیں۔ عائشہ رضا فاروق کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، چمن اور قلعہ عبداللہ میں پولیو کا پھیلا زیادہ ہے۔ تمام صوبوں کے ساتھ مشاورت سے وائرس کی منتقلی روکنے کے لیے جامع روڈ میپ نافذ کرنے کا عمل جاری ہے۔ نیشنل کوآرڈینیٹر انوار الحق نے کہا کہ پولیو پروگرام کے لیے وفاقی ٹیموں کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ پاکستان سے پولیو کے خاتمے کا عزم برقرار ہے۔ والدین پولیو ویکسین کی مہم میں بھرپور حصہ لیں۔ پاکستان میں سال کا 13واں پولیو کیس ، بلوچستان سے 10واں اور قلعہ عبداللہ سے پانچواں کیس رپورٹ ہوا ہے۔ رواں سال سندھ سے 2 اور پنجاب سے ایک پولیو کیس رپورٹ ہوچکا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی