i پاکستان

کیسے ممکن تھا آزاد کشمیر کے عوام مشکل میں ہوں اور ہم چین سے بیٹھیں، وزیراعظمتازترین

May 17, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، یہ کیسے ممکن تھا کہ آزاد کشمیر میں ہمارے بہن بھائی مشکل میں ہوں اور ہم چین سے بیٹھیں۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان مسلم لیگ(ن)آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن)آزاد جموں و کشمیر کے وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر وفاقی وزرا بھی موجود تھے۔ وفد نے آزاد جموں و کشمیر کی حالیہ صورتحال پر قابو پانے اور مسائل کے حل کے حوالے سے وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا، وفد نے پاکستان کی معیشت کی بحالی اور ملک میں بیرونی سرمایہ کاری لانے کیلئے اٹھائے جا رہے اقدامات کے حوالے سے تعریف کی۔ وزیراعظم نے پاکستان مسلم لیگ(ن)آزاد جموں و کشمیر کے وفد کو آزاد جموں و کشمیر کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپ اپنی بھرپور کوشش کریں کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ملے، پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، یہ کیسے ممکن تھا کہ آزاد جموں و کشمیر میں ہمارے بہن اور بھائی مشکل میں ہوں اور ہم چین سے بیٹھیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کشمیر کاز کو دنیا بھر میں اجاگر کر رہا ہے، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کے امور پر بھی گفتگو ہوئی، وزیراعظم نے وفد کو آزاد جموں و کشمیر میں پارٹی کو مزید منظم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے اپنے روابط میں مزید بہتری لائیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی