سپورٹس کسی بھی معاشرے ، قوم اور ملک کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہیں ۔اگر کسی ملک کے کھیلوں کے میدان آباد ہوں تو ہسپتال ویران ہوتے ہیںیہ باتیں چیف ایگزیکٹو فیسکوانجنئیرمحمد عامر نے49ویں سالانہ واپڈا انٹریونٹ کبڈی (ایشئین سٹائل) ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقر یب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ واپڈا کے مختلف یونٹس کے درمیان کھیلوں کے فروغ سے ملازمین میں سپورٹس مین سپرٹ پیدا کرنے میں مدد ملتی ہے جو ناصرف محکمہ بلکہ صحت مند معاشرے کی تعمیر کیلئے اشد ضروری ہے ۔انھوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کے سلسلہ میںصدر فیسکو سپورٹس ایسوسی ایشن فرخ آفتاب، جنرل سیکرٹری رانا محمد افضل، آرگنائزنگ سیکرٹری عابد رشید اور سپورٹس آفیسر محمد ساجد کی کاوشوں کوبھی سراہا ۔قبل ازیں چیف ایگز یکٹو فیسکو نے فیتہ کاٹا اور انٹر یونٹ کبڈی ٹورنامنٹ کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا۔بعدازاں مہمان خصوصی انجنئیر محمد عامر کا ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں سے تعارف کرایا گیا۔افتتاحی میچ گیپکو(گوجرانوالہ) اورمیپکو (ملتان ) کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جس میں ایک دلچسپ مقابلے کے بعدمیپکونے گیپکوکی ٹیم کو35 کے مقابلے میں49پوائنٹس سے شکست دی جبکہ دوسرا میچ فیسکو(فیصل آباد) اور لیسکو(لاہور) کی ٹیموں کے درمیان ہوا جس میںلیسکو کی ٹیم نے فیسکو کی ٹیم کو43کے مقابلے میں52پوائنٹس سے ہرایا۔ آج پہلا میچ فیسکو اورمیپکو کی ٹیموں کے مابین سہ پہر تین بجے جبکہ دوسرا میچ گیپکو اور لیسکو کے درمیان چار بجے کھیلا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی