i پاکستان

خشک میوہ جات میں چھپا کر منشیات بیرون ملک اسمگلنگ کی کوشش ناکامتازترین

February 23, 2023

اے این ایف نے ملک بھر میں انسداد منشیات کی کارروائیوں کے دوران خشک میوہ جات میں چھپا کر منشیات کی بیرون ملک اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔ ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس کے مطابق انٹرنیشنل میل آفس راولپنڈی میں قطر کے لیے بک کروائے گئے پارسل سے 93 گرام ہیروئن اور 88 گرام آئس برآمد کرلی گئی، جو خشک میوہ جات میں پستے کے اندر مہارت سے چھپائی گئی تھی۔ علاوہ ازیں کراچی کے علاقے کورنگی کے قریب کارروائی میں 2 ملزمان سے 12 کلو چرس برآمد کرلی گئی، جسے لکڑی کے ڈبوں میں چھپایا گیا تھا۔ دوسری جانب اے این ایف نے بلوچستان کے علاقے پشین میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 200 کلو ہیروئن اور 200 کلو مارفین برآمد کرلی۔ ادھر کوئٹہ میں ایک کارروائی کے دوران کار سے 20 کلو 400 گرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ دریں اثنا گلگت ائرپورٹ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے گلگت کے رہائشی 2 ملزمان سے 33 کلو چرس برآمد کرلی گئی۔ پشاور سے ہزارہ منشیات اسمگلنگ کی کوشش نا کام بناتے ہوئے باڑہ روڈ کے قریب کار سے 43 کلو 200 گرام چرس برآمد کرکے صوابئی کے رہائشی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات برآمد کرکے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے اور تحقیقات شروع کردی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی