وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ خواہش ہے کوآپریٹو ادارے صوبہ بھر میں اپنے کردار کو مثالی بنائیں۔ عالمی یوم امداد باہمی کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ امداد باہمی کا مقصد وسائل کو یکساں طور پر عوام میں تقسیم کرنا بھی ہے، پنجاب حکومت کوآپریٹو اداروں کو فعال اور متحرک کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کوآپریٹو ادارے صوبے میں اپنے کردار کو مثالی بنائیں، امداد باہمی ادارے معاشرتی، اقتصادی اور ماحولیاتی فلاح و بہبود میں معاون ہو سکتے ہیں، وسائل کے مشترکہ استعمال کیلئے امداد باہمی ادارے قرض، زرعی آلات اور مارکیٹنگ سروسز فراہم کر سکتے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ کوآپریٹو سوسائٹی عدم مساوات کے خاتمے کو یقینی بناتی ہے۔ مریم نوازشریف نے مزید کہا کہ امداد باہمی سوسائٹیز وسائل کے بہترین استعمال سے معاشرے کی بحالی اور تعمیر نو میں مدد فراہم کر سکتی ہیں، کوآپریٹو اداروں اور اس سے وابستہ کارکنان کی کامیابی کیلئے دعا گو ہوں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی