خیرپور میں ایک ہی خاندان کے 13 افراد کے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا، قتل کی لرزہ خیز واردات میں بیٹی اور اس کا ساتھی ملوث تھا۔تفصیل کے مطابق خیرپور کے علاقے پیرجو گوٹھ میں گذشتہ ماہ 17 اگست کو زہریلا کھانا کھانے کے باعث ایک ہی خاندان کے 13 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے، واردات میں محنت گل بیگ، اس کی زوجہ، 8 بچے، بھائی اور 2 بھتیجے جاں بحق ہوگئے تھے۔پولیس نے قتل میں ملوث دو مرکزی ملزمان امیربخش بروہی اورشائستہ بروھی کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، ملزمان نے گھروالوں کو کھانے میں زہر دینے کا اعتراف کرلیا۔ ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد ایس ایس پی خیرپور ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے واقعے کا نوٹس لے کر انکوائری ٹیم مقرر کی۔تحقیقات کے دوران نوجوان لڑکی مسما شائستہ بروہی اور نوجوان امیر بخش بروہی کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ گچھ کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ وہ پسند کی شادی کرنا چاہتے تھے لیکن ان کے رشتے دار ان کی شادی پر راضی نہیں ہوئے جس پر ہم نے ان کو زہر دے کر مارنے کا فیصلہ کیا اور بعد ازاں انہوں نے آٹے میں زہر ملایا زہریلے آٹے کی روٹی کھانے پر خاندان کے 13 افراد ہلاک ہوگئے۔پولیس کے مطابق لڑکے نے اپنے والد اور بھائیوں کو چچا کے گھر کھانا کھانے سے منع کیا تھا، تاہم انہوں نے کھانا کھا لیا تھا جس سے وہ بھی جاں بحق ہوگئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی