وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن وامان کیلئے ہرممکن تعاون جاری رکھیں گے ۔ وزیرداخلہ محسن نقوی سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور امن عامہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے، ایف سی، سی ٹی ڈی اور پولیس کو جدید ٹیکنالوجی اور اسلحہ سے لیس کیا جارہا ہے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا فرنٹ لائن پر ہے،خیبرپختونخوا پولیس۔ ایف سی اور سی ٹی ڈی کے بہادر سپوتوں نے اس جنگ میں شجاعت کی تاریخ اپنے لہو سے لکھی۔ ان کاکہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صرف جیت کا ہی آپشن ہے، انشااللہ اس ناسور کا خاتمہ قوم کے اتحاد اور اتفاق سے کریں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی