حکومت کی جانب سے اشیائے خورونوش، ادویات اور دیگر سامان کی رسد پر مشتمل 70 سے زائد گاڑیوں کا قافلہ خیبر پختونخوا کے شورش زدہ ضلع کرم پہنچ گیا۔ حکومت کی مدد سے امن معاہدے کے بعد ادویات، اشیائے ضروریہ پر مشتمل ٹل اور ہنگو سے کرم پہنچنے والا یہ پانچواں قافلہ تھا۔ایک عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ گاڑیوں میں پھل، سبزیاں، گھی، چینی، مرغی، انڈے اور دیگر کھانے پینے کی اشیا شامل ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر افراسیاب زبیر ہندل کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں جس میں ادویات اور دیگر ضروری اشیا کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے فراہمی بھی شامل ہے۔اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع میں جن لوگوں کو فوری طبی امداد کی ضرورت ہے انہیں پشاور اور دیگر شہروں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔دوسری طرف مقامی شہریوں نے حکومت سے فوری طور پر ٹل-پاراچنار شاہراہ اور افغانستان سے ملحقہ خرلاچی سرحد کو کھلولنے کا مطالبہ کیا تا کہ لوگوں اور ضروری سامان کی نقل و حمل میں آسانی پیدا ہو۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی