وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا نے آئی ایم ایف کی شرائط پر مکمل عملدرآمد کیا ہے،خیبر پختونخوا حکومت کی آئی ایم ایف نے تعریف کی اور قرض بھی دیا۔ایک انٹرو یو میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کے پی واحد صوبہ ہے جس کی آئی ایم ایف نے نہ صرف تعریف کی بلکہ قرض بھی دیا، خیبر پختونخوا حکومت میں انتظامی سطح اور ایپکس کمیٹی میں ہم آہنگی ہے۔وزیراعلی علی امین گنڈاپور امن و امان کی صورتحال ایپکس کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں بہتر کررہے ہیں، دہشتگردی کیخلاف جنگ جیت جائیں گے، مخصوص نشستوں کیلئے بیان حلفی پر دستخط ہوگئے۔ انھوں نے کہا کہ قانونی ٹیم کی مشاورت کے بعد الیکشن کمیشن میں بیان حلفی جمع کرادینگے، خیبر پختونخوا سے کسی رکن پر پی ٹی آئی چھوڑنے کیلئے دبا ئونہیں ڈالا گیا۔وزیراعلی کے پی نے کہا کہ جب سے حکومت میں آئے کسی کا استحصال نہیں کیا، خیبر پختونخوا میں کسی سرکاری اہلکار کو ہراساں نہیں کیا گیا، تحریک انصاف کیخلاف ہی ہمیشہ استحصالی رویہ اپنایا گیا۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کو مختلف طریقوں سے نشانہ بنایا گیا، ہم نے سرکاری اہلکاروں میں اعتماد پیدا کیا ہے، اعتماد کی وجہ سے سرکاری اہلکار و افسران بلاخوف کام کررہے ہیں،علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پراعتماد اہلکار و افسران حکومت کے غلط کام کی بھی بلاخوف نشاندہی کرتے ہیں، پی ٹی آئی نے ہمیشہ سیاست کو انتظامی معاملات سے الگ رکھا۔حکومت سیاسی معاملات کوسیاسی طریقے سے ہی نمٹاتی ہے، دیگرصوبوں کوبھی خیبرپختونخوا حکومت کی تقلید کرنی چاہیے، ہم بھی مخالفین کیخلاف کارروائی کیلئے آزاد ہیں لیکن سب کو ساتھ لیکر چلنے پر یقین رکھتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم نے سیاست کو وفاق اور صوبے کے تعلقات کے درمیان نہیں آنے دیا، حکومتی معاملات کو ہمیشہ سیاست سے بالاترہوکر آگے بڑھایا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی