مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ خاندان شریفیہ میں وزارت عظمی کی جنگ جاری ہے۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی راجکماری کہتی ہیں کہ انہیں کام نہیں کرنے دیا جا رہا، وہ کون ہے جو آپ کو کام نہیں کرنے دے رہا، آپ کے چچا اور ابا جی کی حکومت میں آخر یہ فریاد کیوں؟انہوں نے کہا کہ راجکماری کے بہتے آنسو خاندان شریفیہ میں اختلافات کا ثبوت ہیں، خاندان شریفیہ میں وزارت عظمی کی جنگ جاری ہے، نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بننے کیلئے سر توڑ کوشش کر رہے ہیں، نواز شریف بمقابلہ شہباز شریف گروپ آپس میں مشت و گریباں ہیں۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی گردن اسحاق ڈار اور رانا ثناء اللہ کے ذریعے دبائی ہوئی ہے، مریم نواز کا ہدف بھی شہباز شریف اور اس کی حکومت ہے۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ کرسی کی اس اندرونی لڑائی میں عوام رل رہے ہیں، عوام کے مسائل کی خاندان شریفیہ کو پرواہ نہیں۔ مریم کی تمام توجہ پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان اور عمران خان کے خلاف انتقامی کارراوئیوں پر مرکوز ہے۔ عنقریب مریم نواز اڈیالہ جیل میں قیدِ بامشقت کاٹ رہی ہوں گی۔ پنجاب جیسا اہم صوبہ غیر سنجیدہ ٹک ٹاکر سہیلیوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ مریم نواز کی ٹک ٹاک اور اداکاری شریف خاندان کی آخری کارکردگی ثابت ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی