ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کراچی شرقی کی عدالت نے کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشہ دانش کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ عدالت نے ملزمہ کی ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی، اس سے قبل عدالت نے ملزمہ کی درخواست ضمانت پر جمعہ کو ہی فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ کارساز حادثے کی ملزمہ کی درخواست ضمانت پر وکیل نے دلائل مکمل کر لیے تھے۔ سماعت کے دوران ملزمہ کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزمہ ذہنی مریضہ ہے، اگست 2005 سے اس کا علاج چل رہا ہے، ملزمہ کے پاس یو کے کا ڈرائیونگ لائسنس ہے جو پاکستان میں 6 ماہ تک کارآمد ہے، ہلاک ہونے والوں کے ورثا نے اللہ کے نام پر معاف کر دیا ہے۔ مدعی مقدمہ کے وکیل نے سماعت کے دوران نو اوبجیکشن سرٹیفکیٹ عدالت میں جمع کروا دیئے، پہلے عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا اور بعد میں فیصلہ سناتے ہوئے ملزمہ کی ضمانت منظور کر لی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی