کاغان ، ناران ہوٹل ایسویسی ایشن علاقے میں سیاحت کے فروغ کیلئے سرگرم، لینڈ سلائیڈنگ یا ندی نالوں میں طغیانی کے باعث راستوں کی عارضی بندش کو ایسوسی کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت دور کر کے راستہ فوری طور پر بحال کر دیا جاتا ہے، کاغان ، ناران کے تمام راستے اس وقت مکمل طور پر کھلے ہیں اور سیاح حضرات بلا کسی جھجک کے ان سیاحتی مقامات کا سفر کر سکتے ہیں، صدر کاغان ناران ہوٹل ایسویس ایشن سیٹھ مطیع اللہ کی آئی این پی نیوز سے خصوصی گفتگو۔ سوشل میڈیا پر ناران کیلئے گاڑیوں کی بندش کے حوالے سے پھیلائے جانے والی افواہوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے سیٹھ مطیع اللہ کا کہنا تھا کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر چہ چند روز قبل بٹل ناران کے مقام پر پل کو پہنچنے والے نقصان سے گاڑیوں کی آمد ورفت میں تھوڑا تعطل پیدا ہوا ، تاہم اس کے باوجود گاڑیوں کی آمد ورفت جاری رہی ہے اور نئے پل کی تنصیب کا کام بھی تقریبا مکمل ہو چکا ہے۔ صدر ہوٹل ایسوسی ایشن کی جانب سے سرکاری مشینری کے کردار کو بھی سراہا گیا، ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کے پاس تمام درکار مشینری موجود ہیں اور کسی بھی ایسی صورت حال میں سرکاری مشینری فوری طور پر متحرک ہو جاتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر غیر تصدیق شدہ خبریں پھیلائے جانے سے اجتناب کیا جانا چاہیے کیونکہ نہ صرف مقامی آبادی میں افراتفری کا باعث بنتا ہے بلکہ اس سے سیاحت کے شعبے کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔ سیٹھ مطیع اللہ کا کہنا تھا کہ سیاحت کے شعبے سے علاقے کے ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ ہے اور اس طرح کی خبریں مقامی افراد کے روزگار اور ہوٹل مالکان کے کاروبار کیلئے نقصان کا باعث بنتی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی