i پاکستان

قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کا اجلاس، اعظم نذیر تارڑ کی عدم حاضری پر محمود بشیر ورک کا اظہار برہمیتازترین

July 23, 2024

قومی اسمبلی کی قانون و انصاف سے متعلق کمیٹی نے وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ کی عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر قانون و انصاف کو طلب کرلیا،بعد ازاں وزیر قانون کمیٹی میں پہنچ گئے۔ منگل کو قومی اسمبلی کی قانون و انصاف سے متعلق کمیٹی کا اجلاس محمود بشیر ورک کی صدارت میں شروع ہوا، اجلاس کے آغاز پر لطیف کھوسہ نے دریافت کیا کہ وزیر قانون کہاں ہیں؟ اہم اجلاس ہے، وزیرقانون نے شاید اسے اہمیت نہیں دی۔ اس پر چیئرمین کمیٹی نے بھی استفسار کیا کہ وزیرقانون کہاں ہیں؟ اس اجلاس میں اہم بلز ہیں اور آپ کو جوابات دینے ہیں، اجلاس میں وزارت قانون کی نمائندگی پوری ہونی چاہیے۔ کمیٹی چیئرمین نے وزارت قانون کے حکام سے مکالمہ کیا کہ اراکین کو بہت شکایات ہیں آپ سے، لطیف کھوسہ نے کہا کہ اعظم نذیر تارڑ میرے شاگرد رہے ہیں، میں نے انہیں یہ نہیں سکھایا تھا کہ ایسی محفل میں تاخیر سے آتے ہیں۔ چیئرمین کمیٹی محمود بشیر ورک نے لطیف کھوسہ سے مکالمہ کیا کہ ہمیں آپ سے بھی شکایت ہے کہ آپ نے شاگردوں کو یہ نہیں سکھایا۔ اس پر سیکریٹری قانون و انصاف نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ وزیر قانون ایک دوسری میٹنگ میں ہیں، وزیر قانون اسی اجلاس میں شرکت کے لے آرہے ہیں۔ بعد ازاں وزیر قانون کمیٹی میں پہنچ گئے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی