i پاکستان

قائد ملت جعفریہ پاکستان کی لبنان میں صہیونی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمتتازترین

September 25, 2024

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے لبنان میں سامراجی اور صہیونی جارحیت کی شدید ا لفاظ میں مذمت اور بچوں، خواتین سمیت سینکڑوں عام شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ، افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاکہ غزہ میں ظلم کی تاریک شب طاری ہے تو اس کے ساتھ ہی لبنان پر استعمار کی پشت پناہی میں صہیونی درندوں نے حملہ کردیا ،یو این او کو دکھ کے اظہار کے ساتھ بزور طاقت ظالم کا ہاتھ روکنا چاہیے کیونکہ اب خود اقوام متحدہ کی ساکھ پر سوالیہ نشان کھڑے ہوچکے ہیں۔صہیونی درندے اتنے دیدہ دلیر ہیں کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے عین موقع پر ایک خود مختار ملک پر چڑھائی کردی گئی اور خالصتاً سویلین آبادی کو نشانہ بنایاگیا ۔جبکہ اس سے قبل واکی ٹاکی، پیجردہشتگردی کے ذریعے عام لوگوں کو نشانہ بنایاگیا۔پاکستان کو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اس جارحیت کو رکوانے میں بھر پور کر دار ادا کرنا چاہیے ۔ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا کہ استعماری اور صہیونی جارحیت کیخلاف صدائے احتجاج بلند کریں اس سے بڑھ انسانیت کی اور کیا توہین ہوگی کہ شیر خوار بچوں سے لے کر بزرگوں تک کو بلا تفریق نشانہ بنایا جارہاہے، سکولز، اسپتال، میڈیا ہائوسز سمیت کچھ بھی محفوظ نہیں ، اب نہیں تو کب انسانی حقوق کی تنظیمیں بیدار ہونگی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی