قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے باجوڑ میں افغانستان کی سرحد سے خوارج کے ایک گروپ کی دراندازی کی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے دراندازی کو ناکام بنانے اور فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بہادری سے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا، ہمارے شہدا پر پوری قوم کو فخر ہے۔ عمر ایوب نے کہا ہے کہ بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے نائیک عنایت خان، لانس نائیک عمر حیات خان اور سپاہی وقار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، غم اور دکھ کی مشکل گھڑی میں شہدا کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی