سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کے پی حکومت کو بلاول بھٹو سے معافی مانگنی چاہیے، بانی پی ٹی آئی کی لانچنگ، گرفتاری، ضمانتیں یہ کہانی کہیں اور لکھی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل جو کے پی میں حرکت کی گئی وہ چھوٹی سوچ والا ہی کرسکتا ہے، چھوٹی سوچ ہمیشہ چھوٹی ذہنیت اور پارٹی کی لیڈرشپ سے آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے کارکنوں کوانتشار کی سیاست سیکھائی ہے، بری چیز کا برا ہی نتیجہ نکلتا ہے، کے پی حکومت کو پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو سے معافی مانگنی چاہیے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی لاڈلے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے معاملے پر ماسٹر پلان تیار ہورہا ہے، مشرف کی وجہ سے بانی پی ٹی آئی کی سوفٹ لانچنگ ہوئی، 2018 کی بد ترین دھاندلی کی گئی تھی، زبردستی دھوس و دھاندلی سے پی ٹی آئی کو جتوایا گیا تھا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری پر اسرائیلی اسمبلی میں مذمت کی گئی، بانی پی ٹی آئی کو باقاعدہ لانچ کیا گیا، یہ حقیقت ہے۔ انکا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے بی آر ٹی کے 2 منصوبے شروع کیے، اورنج لائن اور بی آر ٹی کی عارضی انٹیگریشن کرنے جارہے ہیں، عوام کو ہر صورت ریلیف دینا ہے، ہر وہ کام کریں گے جس سے عوام کو سہولت ملے، عوام کے مفاد کے کام ہماری ترجیح میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ چند ماہ میں اونج لائن اور بی آر ٹی کے کوریڈور کو آپس میں ملائیں گے، ٹرانسپورٹ کے حوالے سے ہر وہ کام کریں گے جس سے عوام کا فائدہ ہو۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم نے عید کے دنوں میں بھی بسوں کے کرایے میں کمی کی تھی، کرائیوں میں مزید کمی کے لیے پرائیویٹ ٹرانسپورٹرز سے رابطے میں ہیں۔سندھ کے سینیئر وزیر نے مزید کہا کہ انسداد منشیات فورس اپنا کام اچھے اندازمیں کررہے ہیں، چند دنوں میں منشیات کے بڑے گروہوں کے خلاف کریک ڈائون کیا، سب ایک پیچ پر ہیں کوشش یہ ہی ہے کہ حالات پر جلد قابو پایا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی