نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 4 روپے 87 پیسے فی یونٹ سستی کر دی۔ کے الیکٹرک کی جانب سے اگست کی فیول ایڈجسمنٹ میں 4 روپے 21 پیسے فی یونٹ بجلی سستی کرنے کی تجویز دی گئی تھی تاہم نیپرا نے کے الیکٹرک کیلیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4 روپے 87 پیسے کمی کی منظوری دے دی۔ نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ بجلی سستی ہونے سے کے الیکٹرک صارفین کو 7 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف حاصل ہوگا۔ نیپرا حکام کے مطابق کے الیکٹرک کی اپنی بجلی پیداوار کی لاگت 38 روپے فی یونٹ ہے، جبکہ کیالیکٹرک جو بجلی خریدتا ہے اس کی لاگت 13.61 روپے فی یونٹ ہے۔ سماعت کے دوران چیئرمین نیپرا نے سوال کیا کہ کے الیکٹرک بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے کیلئیکیا کررہی ہے، جس پر کے الیکٹرک حکام نے کہا کہ پیداواری لاگت کم کرنے کیلئیقابل تجدید توانائی اور گیس پر پیداوار بڑھانے کا پروگرام ہے۔ توصیف ایچ فاروقی نے کہا کہ کیالیکٹرک کو پیداوار سے 24 روپے فی یونٹ سستی بجلی مل رہی ہے، کے الیکٹرک اپنی سستی پیداوار بڑھانے کیلئے اپنے اقدامات پر ریگولیٹر کو بتائے۔ اس دوران نیپرا کے کیس افسر نے کہا کہ حکومت 15 روپے فی یونٹ ٹیرف میں سبسڈی دے رہی ہے۔ چیئرمین نیپرا نے کہا کہ کیالیکٹرک والے لوگوں کو نئے پلانٹس لگانے کے خواب نہ دکھائیں اور کے الیکٹرک والے خود کچھ نہیں کرتے بلکہ دوسروں کی طرف دیکھتے ہیں، کے الیکٹرک والے ساری دنیا سے پہلے مانگتے ہیں بعد میں خود کچھ کرتے ہیں۔ دوسری جانب نیپرا کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی اگست میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے اور بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر نہیں ہو گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی