قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت بلتستان کے کم از کم 130 طالب علموں کو چائنا پاکستان فرینڈشپ ایمبیسیڈرل میرٹ کم نیڈ اسکالرشپ پروگرام کے تحت چیک دیئے گئے۔ گوادر پرو کے مطابق کے آئی یو کے مشرف ہال میں منعقدہ ایک تقریب میں ہونہار اور مستحق طلباء میں چیک تقسیم کیے گئے۔ اسکالرشپ پروگرام، جسے پاکستان میں چینی سفارت خانے کی معاونت حاصل ہے، صنفی توازن کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے اور کے آئی یو کے مرکزی کیمپس اور ذیلی کیمپس دونوں میں طالبات کا کم از کم 50 فیصد کوٹہ ہے۔ کے آئی یو مین اور سب کیمپس کے تمام شعبوں کے انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ دونوں پروگراموں میں باقاعدہ طلباء اسکالرشپ کے لئے درخواست دے سکتے ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق مین کیمپس میں پی ایچ ڈی، ایم فل اور ایم ایس کلاسوں میں داخلہ لینے والے پندرہ طلباء کو میرٹ کی بنیاد پر اسکالرشپ دی گئی۔ ان میں سے نو طالبات تھیں جن میں شعبہ حیاتیاتی علوم میں پی ایچ ڈی کی طالبہ نازیہ حسن بھی شامل تھیں۔ وائس چانسلر کے آئی یو انجینئر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے منتخب طلباء میں چیک تقسیم کیے۔ وائس چانسلر نے طلباء سے کہا کہ ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی تعلیم مکمل کریں، انہوں نے مزید کہا کہ ''ہم کے آئی یو میں اعلی تعلیم اور تحقیق کو فروغ دینے کے لئے سفیر اسکالرشپ پروگرام پر چینی سفارت خانے کے مشکور ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق یہ چین پاکستان دوستی کا دوسرا مرحلہ تھا جس میں سفیر کی میرٹ کم نیڈ اسکالرشپ شامل تھی۔ اس سے قبل اگست 2022 میں کے آئی یو نے 130 طلباء کو اسکالرشپس سے نوازا تھا۔ پہلے مرحلے کے تحت 130 طلباء میں 52 لاکھ روپے کی رقم تقسیم کی گئی۔ کے آئی یو میں کم از کم 50 فیصد اسکالرشپس طالبات کو دی گئیں۔ کے آئی یو میں چائنا اسٹڈی سینٹر (سی ایس سی) یونیورسٹی کے طلباء کو اسکالرشپ دینے کے عمل کا انتظام کر رہا ہے۔ چائنا پاکستان فرینڈشپ اسکالرشپ چینی سفارتخانے کا ایک بہترین اقدام ہے جو گلگت بلتستان خطے میں معیاری تعلیم کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ صنفی توازن کو بہتر بناتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی