شہر قائد میں ندی نالوں کے اطراف قائم کچی آبادیوں سے متعلق عدالت نے بڑا حکم جاری کردیا، معزز جج نے درخواست گزار پر اظہار برہمی کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس حسن اظہر رضوی نے لیاری ندی اور ملیر ندی کے اطراف غیرقانونی آبادیوں کے قیام اورتجاوزات کے خلاف درخواست پرسماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے درخواست گزار سے کہا کہ جس وقت آبادیاں بن رہی تھیں اس وقت کہاں تھے آپ؟ جسٹس حسن اظہررضوی کا کہنا تھا کہ کراچی میں ندی نالوں کیاطراف آبادیاں قائم ہوگئیں مکانوں کو لیزیں مل گئیں، سپریم کورٹ نالوں سے تجاوزات کو ختم کرنے کا حکم جاری کرچکی ہے۔ درخواست گزار ممتاز علی نے عدالت کو بتایا کہ لیاری اور ملیرندی میں دوسرے علاقوں کا پانی بھی داخل ہوتا ہے، اگرغیرقانونی آبادیوں کو نہیں روکا گیا تو گجر نالے اور اورنگی نالوں جیسا حال ہوگا۔ عدالت نے کہا کہ نالوں پرتجاوزات کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے، عدالت نے درخواست گزار کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی