i پاکستان

جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس، بانی پی ٹی آئی، پرویز الہی سمیت 172افراد کے موبائل سے متعلق رپورٹ طلبتازترین

April 25, 2024

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیرِ اعلی پنجاب پرویز الہی سمیت 172افراد کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں تفتیشی افسر سے ملزمان کے موبائل سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی جس کے دوران پی ٹی آئی کارکنان وکیل سردار مصروف کے ہمراہ پیش ہوئے۔جج طاہرعباس سپرا نے سوال کیا کہ پرویز الہی سے متعلق جیل کی طرف سیکوئی رپورٹ آئی ہے؟عدالتی عملے نے بتایا کہ جیل سے ابھی تک کوئی رپورٹ نہیں آئی ہے۔جج طاہرعباس سپرا نے کہا کہ اس مقدمے میں 172ملزمان ہیں، ٹرائل جلد ختم ہو جانا چاہیے، جو ملزمان پیش نہیں ہو رہے ان کا کیس الگ کر دیتے ہیں، کورٹ نمبر 1کا چارج ہوتا تو اس کیس کا ٹرائل 1ہفتے میں ختم کر دیتے، اگر ملزمان نے جرم کیا ہے تو انہیں سزا مل جائے، نہیں تو بری کر دیا جائے۔وکیل نے بتایا کہ ملزمان سے برآمد موبائل فونز کی سپر داری درخواست منظور ہونے کے باجود مہنگے موبائل فونز نہیں دیے گئے۔اے ٹی سی جج نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر اس بارے میں رپورٹ پیش کرے۔اس کے ساتھ ہی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے کیس کی سماعت 17مئی تک ملتوی کر دی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی