جڑواں شہروں میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد غیر معمولی طور پر بھرنے لگی، جس کے بعد بڑی تعداد میں متاثرہ افراد نے اسپتالوں کا رخ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 1056 تک پہنچ گئی ہے۔ اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 113 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ ڈی ایچ او زعیم ضیا کے مطابق دیہی علاقوں سے 58 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ شہری علاقوں سے ڈینگی کے 55 مریض رپورٹ ہوئے۔ طبی ذرائع کے مطابق پمز اسپتال میں ڈینگی کے 155 مریض زیر علاج ہیں۔ پولی کلینک میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 34 ہو گئی ہے جب کہ شہر میں ڈینگی کے باعث 4 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔دوسری جانب راولپنڈی میں ڈینگی حملوںمیں مزید شدت آگئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 70 افراد مہلک بخار میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق راولپنڈی میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 1122 ہوگئی ہے۔ اسپتالوں میں ڈینگی کے 272 مریض زیر علاج ہیں جب کہ حکام کا کہنا ہے کہ زیر علاج مریضوں میں سے 5 کی حالت تشویش ناک ہے-
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی