راولپنڈی اسلام آباد میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری ، راولپنڈی کے علاقہ گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی کی سطح 15 فٹ سے اوپر ہو گئی، نالہ لئی میں سیلابی کیفیت کے پیش نظر خطرے کے سائرن بجادئیے گئے جبکہ نشیبی علاقوں سے شہریوں کی نقل مکانی شروع کردی گئی ہے ۔ پاک فوج سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے ، کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ رین ایمرجنسی کے پیش نظر پاک فوج کے دستوں کو نالہ لئی پر تعینات کردیا گیا ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ موجود رہے گی۔ ڈی سی کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرز ، میجسٹریٹس ، ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، سی ڈی اے اور ریسکیو ایم سی آئی کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ، تاحال ای الیون ، جی نائن ، ایچ تیرہ، آئی9 ،ایف سیون اور جی سیون کی کچی آبادی کے نالوں میں پانی کی سطح کنٹرول میں ہے ، ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو اور ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈی واٹر سیٹس کیساتھ ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں ۔ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں بارش کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے انتظامات مکمل ہیں، ٹریفک عملے کو بارش کے دوران ڈرائیوروں کی مدد کو یقینی بنانیکی ہدایات کی گئی ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر مری نے بھی عملے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لفٹرز اور بریک ڈاونز پیٹرولنگ حالت میں رہیں، شہریوں اور سیاحوں کو ہر ممکنہ مدد فراہم کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی