قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ جمہوریت، آئین، قانون کی بحالی کیلئے سڑکوں، پارلیمنٹ اور عدالتوں میں جنگ ہوگی،وہ دن دور نہیں جب وزیرِ اعظم بانی پی ٹی آئی ہوں گے۔راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کی بڑی بیٹھک ہو نے جارہی ہے ۔ اس وقت حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ۔ یہ کٹھ پتلی حکومت ہے، پاکستان میں بدقسمتی سے کٹھ پتلی راج ہے، حکومت نے ہماری جدوجہد کو روکنے کی بار بار کوشش کی ۔ بلوچستان کے پانچ سے آٹھ اضلاع میں حکومتی رٹ مکمل ختم ہو چکی ہے، بلوچستان کے وزیر سے روڈ پر اسلحہ چھینا گیا، وزیر اعلی اپنے وزیر کا چھینا اسلحہ واپس لے کر دکھائیں۔عمر ایوب نے کہا کہ بلوچستان کے حالات انتہائی تشویشناک ہو چکے ہیں، کوہلو، پنجگور، گوادر، کیچ اور دیگر 4 اضلاع کے حالات بہت خراب ہیں، وزیر اعلی بلوچستان کے حالات ٹھیک کہیں یہ ان کی مرضی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کی بحالی کے لیے سڑکوں پر اور ایوانوں میں بھی احتجاج ہوتا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ بار، راولپنڈی بار اور اسلام آباد بار سب جگہ پی ٹی آئی جیتی ہے۔ عنقریب عمران خان وزیراعظم ہوں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی