پاکستان جمہوری لیگ کے سربراہ رانا زمان سعید نے دوبئی لیکس اور گندم سکینڈل کی تحقیقات کے لئے اعلی عدلیہ سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں سے سستی گندم کی خریداری کر کے پاکستان کی زراعت کو نقصان پہنچایا گیا ہے ، دوبئی لیکس کے تمام کردار چاہیے وہ حکومت میں ہیں یا سرکاری عہدوں پر فائز ہیں ان کے خلاف تحقیقات ہونی چاہیے کیونکہ یہ لوگ ملک سے دولت لوٹ کر بیرون ملک منتقل کرتے ہیں ،اپنی دولت بیرون ملک منتقل کر کے ہم غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے جو مذاق ہے ، اتوار کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے رانا زمان سعید نے کہا کہ حکومت نے گندم سکینڈل کی تحقیقات کی نہ ہی دوبئی لیکس پر کوئی انکوائری کی گئی ،پاکستان سے لوٹ مار کر کے دوبئی میں جائیدادیں بنانے والوں کا احتساب ضروری ہے ،مذکورہ دونوں سکینڈلز (دوبئی لیکس اور گندم سکینڈل) کی تحقیقات کروانے کے لئے عدالت سے رجوع کیا جائے گا اور اس کے لیے وکلا برادری کو بھی آگے آکر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ ایک منصوبے کے تحت بیرون ملک سے غیر معیاری گندم منگوائی گئی جسکی وجہ سے آج ہمارا کسان گندم اونے پونے داموں بیچنے کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہا ہے جن لوگوں نے گندم امپورٹ کی انہوں نے تولمبی دیہاڑیاں لگا لی لیکن کسان کے ساتھ ظلم کیا گیا ہے اب ہمارا کسان کس طرح زراعت کو جاری رکھ سکے گا، انہوں نے کہا کہ دوبئی لیکس کے جو کردار حکومت میں ہیں یا اپوزیشن میں بیٹھے ہیں یا پھر وہ اہم سرکاری عہدوں پر فائز ہیں ان کے خلاف تحقیقات ہونی چاہیے ان سے ذرائع آمدن اور بیرون ملک دولت منتقل کرنے کا روٹ معلوم کرنا ہو گا کیونکہ پاکستان سے منی لانڈرنگ کے ذریعے بلیک منی کو بیرون ملک منتقل کر کے یہ لوگ غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان لانے کی باتیں کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کی تمام دولت اور جائیدادیں بیرون ملک ہیں ان کا کڑا احتساب کئے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی