حکومت سندھ کے ترجمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے جبر کا سہارا لے کر حقیقی رنگ دکھا دیا۔ ترجمان سندھ حکومت گنہورخان اسران نے بیان میں کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں زبردستی اسکولز بند کروانے والی جماعت اسلامی کی غنڈہ گردی قابل مذمت ہے۔ جماعت اسلامی نے جبر اور خوف و ہراس کا سہارا لے کر حقیقی رنگ دکھا دیا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی کو نقصان پہنچانے اور شہریوں میں خوف پیدا کرنے والے ہتھکنڈے برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ قوم تقسیم اور خوف کے سائے میں گھسیٹنے والی سازشوں کو مسترد کر چکی ہے۔ کراچی میں جماعت اسلامی کی جانب سے تعلیمی ادارے بند کروانا ان کے دیرینہ تنگ نظر سیاسی ایجنڈے کی مثال ہے۔ جماعت اسلامی کی حالیہ سیاسی چالبازیاں پاکستان کے بہترین مفادات کی مخالفت ان کی طویل تاریخ کا تسلسل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی