i پاکستان

جماعت اسلامی کا غزہ کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یکم تا 7 اکتوبر تک ہفتہ یکجہتی غزہ منانے،ملین مارچ کا اعلانتازترین

October 01, 2024

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے غزہ کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے یکم تا 7 اکتوبر تک ہفتہ یکجہتی غزہ منانے کا اعلان کیا ہے جس میں ملک کے مختلف شہروں میں ملین مارچ کیے جائیں گے،حافظ نعیم کا کہناتھا سپریم کورٹ میں تقسیم ختم ہونی چاہیے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے پاس سپریم کورٹ کی تقسیم روکنے کی کنجی ہے،حکومت نے ہمارے ساتھ کیے معاہدے پر عمل نہیں کیا، حکومت نے دوماہ کے لئے پنجاب میں کچھ بلز کم کیے آئی پی پیز سے کچھ بات چل رہی ہے مگر یہ کچھ زیادہ نہیں، موجودہ حکومت کی کوئی حیثیت نہیں فارم سینتالیس کی بنی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا ہے کہ رواں ہفتہ غزہ یکجہتی منایا جائے گا جس میں مختلف پارٹیوں اور شعبہ زندگی کے لوگوں سے رابطہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آج دو اکتوبر کو چترال، 4 اکتوبر کو فیصل آباد میں ملین مارچ ہوگا، وہ تمام طلبہ، ادیبوں سے یہ درخواست کرتے ہیں وہ اس موقع پر یکجہتی کا اظہار کریں اور 7 اکتوبر کو پورا پاکستان فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کھڑا ہو تاکہ دنیا کو یہ پیغام جائے کہ ہم بھی زندہ ہیں اور ہمیں بھی انسانیت کا کوئی درد ہے۔حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ 7 تاریخ کو اسلام آباد میں غزہ ملین مارچ کیا جائے گا، ہم تمام سیاسی جماعتوں کو اس مارچ میں شرکت کی دعوت دیں گے، 7 اکتوبر کو 12 بجے گھروں سے نکل کر غزہ کیساتھ یکجہتی کرینگے، سفارت کاروں سے بھی اس مارچ کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ غزہ اور فلسطین کے معاملے پر تمام سیاسی جماعتوں کیساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو غزہ ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دیں گے، غزہ کے مسلمانوں سیاظہار یکجہتی کریں گے، غزہ میں جو ہورہا ہے ہم خاموش رہ کر تماشہ نہیں دیکھ سکتے۔انہوں نے کہا کہ اس ملین مارچ کے حوالے سے سفارت کاروں سے بھی بات چیت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطین، غزہ، لبنان اور یمن میں بمباری کررہا ہے، اسرائیل نے لبنان میں اپنی فوجیں اتارنا شروع کردی ہیں، گزشتہ سال اسرائیل کا انٹیلی جنس نیٹ ورک تباہ ہوگیا تھا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ غزہ کے چاروں اطراف اسرائیل موجود ہے، اب تک اسرائیل نے 30 ہزار بچوں اور خواتین کو شہید کیا ہے، استقامت کا مظاہرہ کرنے پر فلسطین کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل سے ہزاروں لوگ خوف سے بھاگ رہے ہیں، اسرائیل گریٹر اسرائیل کے ایجنڈے پر گامزن ہے، اسرائیل کی منزل مکہ ومدینہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی مظالم پر خاموشی اختیار کرنے والے مت سوچیں وہ بچ جائیں گے، غزہ میں اب تک 43 ہزار لوگ شہید ہوچکے ہیں، غزہ میں ہزاروں لاشیں ملبے کے اندر موجود ہیں، پوری امت مسلمہ کو غزہ کے ساتھ کھڑے ہوجانا چاہیے تھا، امت مسلمہ متحد ہوتی تو اسرائیل کچھ نہیں کرسکتا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سپریم کورٹ میں تقسیم ختم ہونی چاہیے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے پاس سپریم کورٹ کی تقسیم روکنے کی کنجی ہے، فائز عیسی ترمیم ہونے یا نہ ہونے دونوں صورتوں میں پچیس اکتوبر کو ریٹائر ہونے کا اعلان کریں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوئی حیثیت نہیں فارم سینتالیس کی بنی ہے، سیاسی جماعتیں ترمیم کے کچھ حصوں کو ماننے یا نہ ماننے کی بات نہ کریں، قاضی فائز عیسی کی ریٹائرمنٹ کے بعد اگر کوئی ترمیم لانی ہے تو اتفاق رائے سے لائی جائے، فی الوقت تو پوری کی پوری ترمیم مسترد ہونی چاہیے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی