جماعت اسلامی کے ترجمان نے کہا ہے کہ پولیس نے جماعت کی خواتین کو راولپنڈی جانے سے روک دیا جس کے باعث خواتین نے ملتان روڈ پر ہی دھرنا دے دیا۔ ترجمان جماعت اسلامی نے بتایا کہ پولیس نے خواتین کوزبردستی اتارکر بسیں تھانہ چوہنگ میں بند کر دیں۔ بعد ازاں خواتین نے ملتان روڈ پر دھرنا دیتے ہوئے کہا کہ احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے۔ امیر جماعت اسلامی حلقہ غربی لاہور عبد العزیز عابد کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی ، پنجاب پولیس اسٹیٹ بن چکی ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے خواتین کارکنان سے بدسلوکی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس ریاست بن چکی ہے، حکومت ہوش کے ناخن لے، احتجاج ہمارا آئینی و جمہوری حق ہے، پولیس ہماری بسیں واپس کرے، حکومت پنجاب خواتین کے لیے راولپنڈی دھرنے میں شرکت کے لیے رکاوٹیں کھڑی نہ کرے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی