اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق خاتون اول بشری بی بی کی جیل بدسلوکی کے خلاف درخواست سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھیجوا دی۔ ڈان نیوز کے مطابق جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے مقدمے کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران وکیل درخواستگزار کا کہنا تھا کہ بشری بی بی کی درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کیے، پہلا اعتراض تھا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل پنجاب حکومت کے ماتحت ہے، دوسرا اعتراض ہے کہ اڈیالہ جیل حکام کے خلاف کارروائی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر نہیں ہو سکتے۔ اس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آفس کی جانب سے بشری بی بی کی درخواست پر اعتراض بدنیتی پر مبنی ہے، ملزمہ اسلام آباد سے نیب کے کیس میں گرفتار ہے، اڈیالہ جیل اسلام آباد کے قیدیوں کی حد تک اسلام آباد کی جیل ہے، آفس کو تنبیہ کی جاتی ہے کہ آئندہ درخواستوں پر ایسے فضول اعتراضات عائد نہ کیے جائیں۔ بعد ازاں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے سامنے یہ پٹیشن بطور درخواست رکھی جائے، حکم دیا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی