i پاکستان

جی ایچ کیو حملہ کیس، بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان پرفردِ جرم عائد کرنے کیلئے 8نومبر کی تاریخ مقررتازترین

October 30, 2024

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم کے لیے 8 نومبر کی تاریخ مقرر کردی۔انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے سانحہ 9 مئی اور جی ایچ کیو حملہ کیس میں شیخ رشید، شبلی فراز، عمر ایوب سمیت 79 ملزمان کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ عدالت میں ملزمان قائدین شبلی فراز، شیخ رشید احمد، عثمان ڈار، صداقت عباسی، واثق قیوم، زرتاج گل، عمر ایوب، راجہ بشارت، کنول شوزب اور شیریں مزاری پیش ہوئے۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کا جیل ٹرائل شیڈول منسوخ ہونے کے سبب عمران خان کو مقدمے کی نقول تقسیم نہیں کی جا سکیں۔ پی ٹی آئی وکلا نے از خود بانی چیئرمین کی طرف سے چالان نقول وصول کرنے سے انکار کیا۔فیصل ملک ایڈووکیٹ نے کہاکہ ہم بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت کے بغیر نقول وصول نہیں کر سکتے۔عدالت نے تمام غیر حاضر ملزمان کو 2 روز میں عدالت سے چالان نقول وصول کرنے کی ہدایات جاری کر دیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو نقول کی تقسیم اب 8 نومبر کو ہوگی۔ قبل ازیں، عدالت نے قرار دیا تھا کہ آج جن ملزمان کو پہلے چالان نقول نہیں ملی تھیں ان سب کو آج یہ نقول تقسیم ہوں گی اور 8 نومبر کو فرد جرم عائد کر کے اس مقدمہ کا باقاعدہ ٹرائل شروع ہوگا، غیر حاضر 12 کارکنوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی، بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان پر 8 نومبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔یادرہے سانحہ 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس کو دیگر 13 مقدمات سے الگ کر دیا گیا ہے۔ پہلے جی ایچ کیو حملہ کیس کا ٹرائل ہوگا جبکہ دیگر 13 مقدمات کی سماعت 4 نومبر کو مقرر کی گئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی