وائس چانسلر جامعہ پونچھ پروفیسر ڈاکٹر محمد ذکریا ذاکر نے کہا ہے کہ ملک کی جامعات میں پونچھ یونیورسٹی کی ممتاز شناخت اور ترقی کیلئے سائنسی بنیادوں پر آگے بڑھ رہے ہیں ۔مقررہ اہداف کے حصول کیلئے ہر ایک کو اونر شپ کے جذبے کیساتھ کا م کرنا ہو گا۔ مسائل کے باوجود تحقیقی اور تدریسی سرگرمیاں متاثر نہیں ہونے دیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلا س میں ڈین فیکلٹی آف بیسک اینڈ اپلائیڈ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عبدالرئوف خان،ڈین ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر ناصر رحیم،ڈین منیجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر امتیاز حسین سمیت تمام فیکلٹیوں کے ڈینز رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عبدالخالق،رجسٹرار،ڈائریکٹرز اور دیگر بھی موجود تھے ۔اجلاس میں مختلف شعبوں کے ڈائریکٹرز نے وائس چانسلر کو پراگریس رپورٹ پیش کی ۔وائس چانسلر نے کہا کہ جامعات کیلئے چیلنجز میں اضافہ ہو چکا ہے ۔ان چیلنجز کو سمجھے بغیر ہم اپنے اہداف حاصل نہیں کر سکیں گے۔ہم نے مقابلے کی دوڑ میں اپنے آپ کو ثابت کر نا ہے۔جامعہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر نا ہے ۔اس کیلئے ہم نے عالمی سطح پر شناخت بنانی ہے ۔اس شناخت کے بغیر جامعات کی بقاء خطرے میں رہے گی۔جامعہ پونچھ میں جو بھی جس پوزیشن پر کام کر رہا ہے اسے اپنا آپ ثابت کر نا ہو گا۔ہم نے جامعہ پونچھ کا کمیونٹی کیساتھ مضبوط تعلق استوار کرنا ہے۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی